فرانس کے صدر ایمانویل مکرون نے 77ویں یومِ جمہوریہ کے موقع پر وزیرِاعظم نریندر مودی اور بھارتی عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے 2024 کی تقریبات کی یاد تازہ کی۔ جواب میں وزیرِاعظم مودی نے صدر مکرون کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ جلد بھارت میں ان کا خیرمقدم کرنے اور بھارت فرانس اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط اور متنوع بنانے کے منتظر ہیں۔ مکرون فروری میں بھارت آ سکتے ہیں۔
بھارت نے 77ویں یومِ جمہوریہ پر شاندار پریڈ کے ذریعے عسکری طاقت، ثقافتی تنوع اور قومی یکجہتی کا بھرپور مظاہرہ کیا۔ پریڈ میں آپریشن سندور کے تحت استعمال ہونے والے جنگی سازوسامان خصوصی توجہ کا مرکز رہے۔ صدر دروپدی مرمو نے سلامی لی جبکہ یورپی یونین کے اعلیٰ رہنماؤں نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ جھانکیوں، فضائی مظاہرے اور وندے ماترم کے ڈیڑھ سو سالہ سفر نے تقریب کو یادگار بنا دیا۔
اتر پردیش کے ضلع بستی کی طالبہ سمرِدھی کو امتحان میں شرکت سے محروم ہونے پر ریلوے کی جانب سے 9 لاکھ 10 ہزار کا معاوضہ ملے گا۔ 2018 میں لکھنؤ میں بی ایس سی بایوٹیکنالوجی کے داخلہ امتحان کے لیے جاتے ہوئے ان کی ٹرین ڈھائی گھنٹے تاخیر سے پہنچی جس کے باعث وہ امتحان نہ دے سکیں۔ 7 سالہ قانونی جدوجہد کے بعد ضلع صارف کمیشن نے 45 دن میں معاوضہ ادا کرنے کا حکم دیا۔
یومِ جمہوریہ کے موقع سے قبل قوم سے خطاب میں صدر دروپدی مرمو نے کہا کہ بھارت دنیا میں بڑھتے تنازعات کے باوجود امن کا پیغام عام کر رہا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ انسانیت کا محفوظ مستقبل صرف عالمی امن سے ہی ممکن ہے۔ صدر نے بھارت کو تہذیبی طور پر ہم آہنگی اور امن کا علمبردار قرار دیا اور کہا کہ بھارت ہمیشہ پوری کائنات میں امن کی دعا اور کوشش کرتا آیا ہے۔
گوہاٹی میں کھیلے گئے تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بھارت نے نیوزی لینڈ کو 8 وکٹ سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کر لیا۔ نیوزی لینڈ نے بھارت کو 154 رنوں کا ہدف دیا تھا جسے ابھیشیک شرما اور کپتان سوریہ کمار یادو کی طوفانی اننگز کی بدولت بھارت نے صرف 10 اوورز میں مکمل کر لیا۔ جسپریت بمراہ کی تین وکٹوں کی بدولت نیوزی لینڈ 153 رنز تک محدود رہا۔
بھارت پر گہری نظر رکھنے والے ممتاز صحافی اور معروف مصنف مارک ٹلی اتوار کے روز 90 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ وہ گزشتہ کچھ عرصے سے علیل تھے اور نئی دہلی کے ایک نجی اسپتال میں زیرِ علاج تھے۔ مارک ٹلی طویل عرصے تک بی بی سی کے دہلی بیورو کے سربراہ رہے اور انہوں نے بھارت پر کئی اہم کتابیں تحریر کیں۔ انہیں 2005 میں حکومتِ ہند کی جانب سے پدم بھوشن سے نوازا گیا تھا۔
مرکزی حکومت نے یومِ جمہوریہ کے موقع پر پدم ایوارڈز 2026 کا اعلان کرتے ہوئے 131 شخصیات کو مختلف شعبوں میں اعزازات دینے کی منظوری دی ہے۔ آنجہانی اداکار دھرمیندر کو بعد از وفات پدم وبھوشن دیا جائے گا جبکہ بھارتی کرکٹر روہت شرما کو پدم شری سے نوازا گیا ہے۔ اس فہرست میں فنون، ادب، کھیل، طب اور سماجی خدمات سے وابستہ نمایاں نام شامل ہیں۔ وزیراعظم نریندر مودی نے تمام ایوارڈ یافتگان کو مبارکباد دی ہے۔
مہاراشٹر کے ضلع ناسک میں پولس نے 2000 روپے کے نوٹوں سے بھرے مبینہ کنٹینر کے معاملے میں ایک شخص کے اغوا اور تشدد کے الزام میں 6 افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق 400 کروڑ کے نوٹوں کے کنٹینر کے دعوے کی جانچ کے لیے خصوصی تفتیشی ٹیم قائم کی گئی ہے۔ الزام ہے کہ ملزمان نے ایک بلڈر کو سرمایہ کاری کا لالچ دیا بعد ازاں کنٹینر چوری کے شبہے میں ایک شخص کو اغوا کیا گیا۔
حیدرآباد کے نمپلی علاقے میں آگ لگنے کے واقعے پر آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے سربراہ اسدالدین اویسی نے گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ موقع پر موجود حکام سے مسلسل رابطے میں ہیں اور پارٹی کے ایم ایل سی رحمت بیگ کو ہر ممکن مدد کی ہدایت دی گئی ہے۔ اویسی نے آگ میں پھنسے افراد کی سلامتی کے لیے دعا کی۔ حکام کے مطابق عمارت میں 6 افراد کے پھنسے ہونے کا خدشہ ہے۔
پاکستان کی ایک عدالت نے انسانی حقوق کی کارکن اور وکیل ایمان مزاری اور ان کے شوہر ہادی علی کو ریاست مخالف سوشل میڈیا پوسٹس کے الزام میں 17 سال قید کی سزا سنا دی۔ عدالتی حکم کے مطابق استغاثہ اپنے الزامات ثابت کرنے میں کامیاب رہا۔ رپورٹ کے مطابق ایمان مزاری نے الزامات کی تردید کرتے ہوئے انہیں سیاسی انتقام قرار دیا۔ انسانی حقوق کی تنظیموں نے فیصلے پر اظہارِ تشویش کیا ہے۔
کانگریس رہنما اور بی سی سی آئی کے نائب صدر راجیو شکلا نے انکشاف کیا ہے کہ امریکہ کے نیو آرک ہوائی اڈے پر اداکار شاہ رخ خان کو کئی گھنٹے روکا گیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ نائن الیون کے بعد نام دیکھ کر اچانک جانچ کی جاتی تھی اور شاہ رخ خان کو بھی ہراسانی کا سامنا کرنا پڑا۔ شکلا کے مطابق ان کی مداخلت کے بعد کچھ ہی دیر میں شاہ رخ کو چھوڑ دیا گیا۔
رائے پور کی خصوصی سی بی آئی عدالت نے 2017 کے جنسی سی ڈی معاملے میں چھتیس گڑھ کے سابق وزیر اعلیٰ بھوپیش بگھیل کو بری کرنے کا 2024 کا مجسٹریٹ عدالت کا حکم منسوخ کر دیا۔ یہ کیس سابق وزیر راجیش منّت کی مبینہ ہتکِ عزت سے متعلق فحش ویڈیو سے جڑا ہے۔ عدالت نے دیگر ملزمان کی اپیلیں بھی مسترد کر دیں۔ معاملہ ایک بار پھر قانونی جانچ کے دائرے میں آ گیا ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چین کے ساتھ تجارتی معاہدے پر کناڈا کو 100 فیصد ٹیرف عائد کرنے کی دھمکی دی ہے۔ ٹرمپ نے کہا کہ اگر کناڈا چین کی اشیا کو امریکہ پہنچانے کا ذریعہ بنا تو تمام کنیڈین مصنوعات پر فوری طور پر بھاری محصولات لگیں گے۔ کناڈا نے’نئی اسٹریٹجک شراکت داری‘ کے تحت چین کے ساتھ ایک ’تاریخی معاہدے‘ پر اتفاق کرتے ہوئے امریکہ پر انحصار کم کرنے کی کوشش کی ہے۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے بنگلہ دیش کو خارج کرتے ہوئے اس کی جگہ اسکاٹ لینڈ کو شامل کر لیا ہے۔ یہ فیصلہ اس وقت سامنے آیا جب بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے سکیوریٹی خدشات کا حوالہ دے کر بھارت آنے سے انکار کیا۔ آئی سی سی بورڈ نے 2-14 سے بھارت میں میچ کھیلنے کے حق میں فیصلہ دیا اور مقررہ وقت میں جواب نہ دینے پر بنگلہ دیش کو ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا۔
لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے گجرات میں انتخابی فہرستوں کی خصوصی جامع نظرثانی (ایس آئی آر) پر سخت اعتراض کرتے ہوئے کہا ہے کہ جہاں جہاں ایس آئی آر ہو رہا ہے وہاں ووٹ چوری کی جا رہی ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ الیکشن کمیشن ایک منظم سازش میں شریک بن چکا ہے۔ راہل گاندھی کے مطابق یہ عمل ’ایک شخص، ایک ووٹ‘ کے آئینی اصول کو کمزور کر رہا ہے۔
سائنس دانوں نے جیمز ویب خلائی دوربین کی مدد سے ہیلکس نیبولا کی شاندار انفرا ریڈ تصویر حاصل کی جسے ’خدا کی آنکھ‘ بھی کہا جاتا ہے۔ یہ نیبولا ایک سورج جیسے مردہ ستارے کے گرد موجود ہے جو سفید بونا بن چکا ہے اور زمین سے تقریباً چھ سو پچاس نوری سال دور واقع ہے۔ تصویر میں گیس کے روشن دھاگے، بلبلہ نما ساختیں اور گرم و سرد مادّے کی پرتیں واضح دکھائی دیتی ہیں۔
بھارت نے رائے پور میں کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی میچ میں نیوزی لینڈ کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں 0-2 کی برتری حاصل کر لی۔ ایشان کشن نے 32 گیندوں پر 76 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ کپتان سوریہ کمار یادو نے 23 اننگز بعد آج نصف سنچری اسکور کی اور *82 کی شاندار اننگرز کھیلی۔ بھارت نے 2 وکٹیں جلد گرنے کے باوجود 209 رنز کا ہدف با آسانی حاصل کر لیا۔
اتر پردیش کے ضلع بھدوہی میں اتر پردیش پولس نے میٹا کی جانب سے موصول ہونے والے الرٹ پر بروقت کارروائی کرتے ہوئے 22 سالہ نوجوان کی خودکشی کی کوشش ناکام بنا دی۔ نوجوان نے انسٹاگرام پر ویڈیو پوسٹ کر کے نیند کی گولیاں کھانے کا دعویٰ کیا تھا۔ اطلاع ملتے ہی پولس 7 منٹ میں موقع پر پہنچی اور اسے اسپتال منتقل کیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق نوجوان کو مشاورت کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔
دارالحکومت دہلی میں 77ویں یومِ جمہوریہ پریڈ کی فل ڈریس ریہرسل جمعہ کے روز منعقد ہوئی تاہم صبح کی بارش کے باعث کارروائی کچھ دیر سے شروع ہوئی۔ کرتویہ پتھ پر فوجی دستوں اور فنکاروں نے مارچ میں حصہ لیا۔ خراب موسم کے سبب فضائی مظاہرہ اور ثقافتی پروگرام کے بعض حصے منسوخ کر دیے گئے۔ ریہرسل صبح ساڑھے دس بجے شروع ہو کر گیارہ پینتالیس بجے اختتام پذیر ہوئی۔
بنگلہ دیش کی جلاوطن سابق وزیرِاعظم شیخ حسینہ نے بھارت میں اپنے پہلے عوامی خطاب میں محمد یونس پر سخت الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ بنگلہ دیش میں غیرقانونی اور پرتشدد نظام نافذ ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ 5 اگست 2024 کو سازش کے تحت انہیں ہٹایا گیا۔ حسینہ نے آئین کی بحالی، اقلیتوں کے تحفظ اور اقوام متحدہ سے غیرجانبدار تحقیقات کا مطالبہ کیا جبکہ عوامی لیگ کو جمہوری جدوجہد کی قیادت سونپی۔
ترکی کے وزیر خارجہ ہاکان فیدان نے غزہ کے لیے قائم کیے گئے بورڈ آف پیس کو خطے میں دیرپا امن کا ایک تاریخی موقع قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام فلسطینی عوام کی انسانی ضروریات پوری کرنے اور پائیدار امن کی بنیاد رکھنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔ فیدان نے ڈیواس میں چارٹر پر دستخط کی تقریب میں رجب طیب اردوان کی نمائندگی کی اور غزہ کے عوام کے حقوق کے تحفظ پر زور دیا۔
تمل ناڈو کے وزیر اعلیٰ ایم کے اسٹالن نے اسمبلی میں جی رام جی روزگار اسکیم کے خلاف قرارداد پیش کرتے ہوئے پرانی منریگا اسکیم بحال کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ نئی اسکیم ریاستوں پر اضافی مالی بوجھ ڈالتی ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی کے دورے سے قبل اسٹالن نے مرکز پر تعلیمی فنڈز روکنے اور گورنر کے کردار پر بھی سخت تنقید کی۔ جی رام جی بل کو حکومت نے سرمائی اجلاس میں پاس کیا تھا۔
وزیراعظم نریندر مودی نے کیرلا کے دارالحکومت ترواننت پورم میں 3 امرت بھارت ایکسپریس سمیت 4 نئی ٹرینوں کا افتتاح کیا اور متعدد ترقیاتی منصوبوں کا سنگِ بنیاد رکھا۔ اس موقع پر انہوں نے پی ایم ایس وینِدھی کریڈٹ کارڈ لانچ کیا اور ایک لاکھ مستفیدین میں قرضے تقسیم کیے۔ وزیراعظم نے ریلوے رابطے، صحت، سائنس اور شہری سہولیات کو مضبوط بنانے پر زور دیا۔ تقریب میں وزیر اعلیٰ پنارائی وجین بھی موجود تھے۔
بالی وڈ فلم ’بارڈر 2‘ کو مشرقِ وسطیٰ کے کئی ممالک میں ریلیز نہیں کیا جا رہا ہے۔ رپورٹس کے مطابق خلیجی ممالک بحرین، کویت، عمان، قطر، سعودی عرب اور یو اے ای میں فلم کو پاکستان مخالف مواد کے تاثر کے باعث نمائش کی اجازت نہیں ملی۔ فلم میں سنی دیول سمیت دیگر اداکار 1971 کی جنگ کے پس منظر میں بھارتی فوجیوں کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ بھارت اور دیگر ممالک میں فلم ریلیز ہو چکی ہے۔
جمعہ کی صبح قومی دار الحکومت دہلی کے کئی علاقوں میں ہلکی سے معتدل بارش کے باعث درجۂ حرارت میں کمی ریکارڈ کی گئی۔ متعدد مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بادل چھائے رہے جبکہ دن بھر موسم ابر آلود رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات ہند کے مطابق مغربی خلل کے باعث دہلی اور ملحقہ علاقوں میں بارش اور گرج چمک کی صورتحال برقرار رہ سکتی ہے۔
راجستھان کے شہر الور میں قتل کے جرم میں سزا یافتہ دو قیدیوں کو شادی کے لیے پیرول دے دی گئی ہے۔ راجستھان ہائی کورٹ نے پریا سیٹھ اور ہنومان پرساد کو 15 روزہ ہنگامی پیرول جاری کی جو جیل میں ایک دوسرے کے قریب آئے تھے۔ پریا سیٹھ ٹنڈر کے ذریعے دوستی کے بعد قتل کے مقدمے میں عمر قید کاٹ رہی ہے جبکہ ہنومان پرساد پانچ افراد کے قتل کا مجرم ہے۔ دونوں آج شادی کریں گے۔
مدھیہ پردیش کے ضلع اندور کے مؤ تحصیل میں آلودہ پینے کا پانی استعمال کرنے سے کم از کم 9 افراد بیمار ہو گئے۔ حکام کے مطابق پٹی بازار اور چندر مارگ علاقوں میں پانی سے پھیلنے والی بیماریوں کے کیسز سامنے آئے جس کے بعد تمام متاثرین کو اسپتال منتقل کیا گیا۔ ضلع کلکٹر شیوم ورما نے اسپتال کا دورہ کیا اور پانی کے معیار کی جانچ کے احکامات دیے۔ فی الحال کسی مریض کی حالت تشویشناک نہیں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کناڈا کو بورڈ آف پیس میں شامل ہونے کی دعوت واپس لے لی ہے۔ یہ اقدام کنیڈین وزیراعظم مارک کارنی کے عالمی اقتصادی فورم میں دیے گئے بیان کے بعد سامنے آیا جس میں انہوں نے امریکہ پر بالواسطہ تنقید کی تھی۔ ٹرمپ نے کہا کہ کناڈا کی شمولیت کی پیشکش اب مؤثر نہیں رہی۔ بورڈ آف پیس ایک نئی عالمی امن کوشش ہے جسے ٹرمپ نے پیش کیا ہے۔
بھارتی فوج کے سربراہ جنرل اوپیندر دویدی نے آپریشن سندور کو سب سے کامیاب آپریشن قرار دیا۔ کتاب ’ریڈ لائنز ری ڈران: آپریشن سندور اینڈ انڈیا ز نیو نارمل‘ کی تقریبِ رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس کارروائی نے بھارت کے فیصلوں اور فوجی نقل و حرکت سے متعلق پرانے تصورات کو توڑا۔ جنرل دویدی کے مطابق تینوں افواج نے صرف 22 منٹ میں 9 اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔
روسی صدر ولادیمیر پوتن نے کہا ہے کہ گرین لینڈ کی ملکیت روس کے لیے کسی بھی طرح تشویش کا باعث نہیں اور یہ معاملہ امریکہ اور ڈنمارک کو باہمی طور پر حل کرنا چاہیے۔ روسی سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ امریکہ اگر گرین لینڈ خریدنا چاہے تو اس کی ممکنہ قیمت ایک ارب ڈالر ہو سکتی ہے۔ پوتن نے ڈنمارک کے نوآبادیاتی طرزِ عمل پر بھی تنقید کی۔
آندھرا پردیش کے ضلع گنٹور کے گاؤں چیلوورو میں ایک خاتون نے اپنے شوہر کو نیند کی گولیاں ملے بریانی کھلا کر قتل کر دیا۔ رپورٹ کے مطابق خاتون لکشمی مادھوری نے شوہر کے سوجانے کے بعد اپنے آشنا گوپی کو گھر بلا کر دونوں نے تکیے سے دم گھونٹ دیا۔ ابتدا میں موت کو دل کا دورہ قرار دیا گیا تاہم پوسٹ مارٹم میں دم گھٹنے سے موت کی تصدیق ہوئی۔ دونوں ملزمان گرفتار کر لیے گئے ہیں۔
دہلی این سی آر میں فضائی آلودگی میں بہتری کے بعد گریپ-3 کی پابندیاں ختم کر دی گئیں۔ کمیشن برائے فضائی معیار نظم و نسق کے مطابق جمعرات کو دہلی کا اے کیو آئی 332 ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد نرمی کا فیصلہ کیا گیا۔ حکام نے بتایا کہ آئندہ دنوں میں موسم کی صورتحال کے باعث اے کیو آئی معتدل سے خراب درجے میں رہنے کا امکان ہے۔
بنگلہ دیش نے اعلان کیا ہے کہ وہ فروری سے شروع ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارت آ کر میچز نہیں کھیلے گا۔ یہ فیصلہ اس وقت سامنے آیا جب آئی سی سی نے میچز بھارت سے منتقل کرنے کی درخواست مسترد کر دی۔ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے مطابق سیکیورٹی خدشات بدستور موجود ہیں۔ اگر بنگلہ دیش نے فیصلے پر نظرِ ثانی نہ کی تو اسے ٹورنامنٹ سے باہر کر کے متبادل ٹیم شامل کی جا سکتی ہے۔
بھارت میں 2027 کی مردم شماری کا پہلا مرحلہ یکم اپریل 2026 سے 30 ستمبر 2026 تک ملک بھر میں منعقد ہوگا۔ اس مرحلے کو ہاؤس لسٹنگ اور ہاؤسنگ مردم شماری کہا جاتا ہے جس میں مردم شماری اہلکار گھروں کی ساخت، سہولیات، ملکیت، پینے کے پانی، بجلی، بیت الخلا، ایندھن، گھریلو اثاثوں اور رہائشی افراد سے متعلق معلومات جمع کریں گے۔ دوسرے حصے کے سوالات کچھ دن بعد جاری ہوں گے۔
جموں و کشمیر کے ضلع ڈوڈہ میں خراب موسم اور دشوار گزار راستے کے باعث بھارتی فوج کی ایک گاڑی سڑک سے پھسل کر گہری کھائی میں جا گری۔ اس کے نتیجے میں 10 فوجی جوان ہلاک اور 10 زخمی ہو گئے۔ فوج کے مطابق گاڑی ایک آپریشن کے لیے اہلکاروں کو لے جا رہی تھی۔ زخمیوں کو فوری طور پر نکال کر علاج کے لیے منتقل کیا گیا۔ وزیر اعظم اور دیگر اعلیٰ رہنماؤں نے واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ڈیواس میں ’’بورڈ آف پیس‘‘ کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ غزہ جنگ بندی کو مستحکم کرنے کے ساتھ عالمی تنازعات میں بھی کردار ادا کرے گا۔ ٹرمپ کے مطابق یہ بورڈ اقوام متحدہ کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔ بعض ممالک نے شمولیت اختیار کی جبکہ یورپی اور بڑی طاقتیں محتاط نظر آئیں۔ ناقدین کے مطابق نیا فورم اقوام متحدہ کے کردار کو کمزور کر سکتا ہے۔