روسی صدر ولادیمیر پوتن کے اعزاز میں آج ہونے والے اسٹیٹ ڈنر میں ششی تھرور کو مدعو کیا گیا ہے جبکہ لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی اور کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے کو دعوت نہیں ملی۔ تھرور کا کہنا ہے کہ انہیں یہ دعوت بطور چیئرمین خارجہ امور قائمہ کمیٹی دی گئی۔ کانگریس کے لیڈر پون کھیرا نے ششی تھرور پر تنقید کی حالانکہ انہوں نے ان کا نام نہیں لیا۔
انڈیگو کو گزشتہ دین دنوں سے فلائٹ سروسز میں بڑی رکاوٹوں کا سامنا ہے۔ کمپنی کے سی ای او پیٹر ایلبرز کے مطابق سسٹم ری بوٹ کی وجہ سے شدید رکاوٹیں پیدا ہوئیں اور مکمل بحالی 10 سے 15 دسمبر کے درمیان متوقع ہے۔ سی ای او کے بیان سے قبل حکومت نے ہفتہ تک حالات معمول پر لانے اور پیر تک خدمات کی مکمل بحالی کی یقین دہانی کرائی تھی۔
سپریم کورٹ نے حال ہی میں ایک مقدمہ کو ختم کرتے ہوئے کہا کہ اگر کسی خاتون کی تصاویر یا ویڈیوز غیر نجی حالات میں لی جائیں تو یہ IPC کی دفعہ 354C کے تحت ویورزم (Voyeurism) کے زمرے میں نہیں آتا۔ کلکتہ کے ایک شخص پر الزام تھا کہ اس نے متنازعہ جائیداد میں داخل ہوتے وقت خاتون کی تصویر بنائی۔ عدالت نے کہا کہ اس وقت کسی پرائیوٹ کام میں نہیں تھیں۔
روسی صدر ولادیمیر پوتن جمعرات شام دہلی پہنچے جہاں وزیراعظم نریندر مودی نے گرمجوشی سے ان کا استقبال کیا۔ دونوں رہنماؤں نے مصافحہ اور گلے ملنے کے بعد دوبارہ وہی منظر دہرایا جو ماسکو دورے میں دیکھا گیا تھا۔ پوتن اور مودی ایک ہی کار میں پالَم ایئرپورٹ سے وزیرِاعظم کی رہائش، 7 لوک کلیان مارگ، روانہ ہوئے۔ یہ پوتن کا 2022 کی روس۔یوکرین جنگ کے بعد بھارت کا پہلا سرکاری دورہ ہے۔
روسی صدر ولادیمیر پوتن جمعرات شام 6:35 پر دہلی پہنچے جہاں وزیراعظم نریندر مودی نے پالَم ایئرپورٹ پر ان کا استقبال کیا۔ مودی آج شب انہیں نجی عشائیہ پر مدعو کریں گے جب کہ باضابطہ سربراہی ملاقات جمعہ کو راشٹرپتی بھون میں استقبالیہ کے بعد حیدرآباد ہاؤس میں ہوگی۔ پوتن کل راج گھاٹ بھی جائیں گے۔ دورے میں دفاع، توانائی اور تجارت مرکزی موضوعات ہیں اور متعدد معاہدوں کی توقع ہے۔
وزیراعظم نریندر مودی جمعرات کی شام دہلی ایئرپورٹ پر روسی صدر ولادیمیر پوتن کا خصوصی طور پر استقبال کریں گے۔ پوتن دو روزہ دورے پر بھارت پہنچ رہے ہیں جہاں متعدد معاہدوں پر دستخط متوقع ہیں۔ رپورٹ کے مطابق دونوں رہنما ممکنہ طور پر ایک ساتھ ’کار مومنٹ‘ بھی شیئر کریں گے۔ روسی صدر کے اس دورے میں راشٹرپتی بھون، راج گھاٹ اور حیدرآباد ہاؤس میں اہم ملاقاتیں اور مذاکرات شامل ہوں گے۔
چھتیس گڑھ کے بیجاپور۔دنتے واڑہ جنگلات میں بدھ کی صبح شروع ہونے والے بڑے مشترکہ آپریشن میں سیکیورٹی فورسز نے 12 ماؤسٹوں کو ہلاک کردیا۔ اس دوران ڈی آر جی کے تین اہلکار بھی ہلاک ہوئے۔ یہ انکاؤنٹر کئی گھنٹے جاری رہی جس میں ایس ٹی ایف، سی آر پی ایف اور کوبرا یونٹس نے حصہ لیا۔ وزیرِاعلیٰ وشنو دیو سائی اور پولس افسران نے اہلکاروں کی قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا۔
ہریانہ کے پانی پت میں پولس نے ایک خاتون، پونم، کو گرفتار کیا ہے جس نے ’حسد‘ کی وجہ سے اپنی 6 سالہ بھانجی وِدھی کو پانی کے ٹب میں ڈبو کر ہلاک کر دیا۔ شادی کی تقریب کے دوران بچی لاپتہ ہوئی تو تلاش کے بعد اسے اسٹور روم میں مردہ پایا گیا۔ رپورٹ کے مطابق تفتیش میں پونم نے اعتراف کیا کہ اس اب تک اپنے بیٹے سمیت چار بچوں کو قتل کیا ہے۔
ناسا کے خلا باز ڈون پیٹٹ نے خلا سے کھینچی گئی ایک دلکش تصویر شیئر کی جس میں خانۂ کعبہ 400 کلومیٹر کی بلندی سے بھی ایک چمکتی روشنی کی طرح دکھائی دے رہا ہے۔ پیٹٹ نے یہ منظر آئی ایس ایس کے کپولا ونڈو سے ہائی ریزولوشن کیمرے سے قید کیا۔ تصویر میں شہر کی وادیوں میں پھیلی آبادی اور مسجد الحرام کا روشن منظر واضح ہے۔ پیٹٹ حال ہی میں بین الاقوامی خلائی اسٹیشن سے واپس آئے ہیں۔
ویراٹ کوہلی نے جنوبی افریقہ کے خلاف رائے پور میں دوسرے ون ڈے میں سنچری جڑ کر اپنی 53ویں ون ڈے سنچری مکمل کی۔ یہ ان کی مسلسل دوسری سنچری ہے۔ یہ گیارہویں بار ہے کہ کوہلی نے لگاتار 2 سنچریاں بنائی ہیں جو ون ڈے تاریخ میں سب سے زیادہ ہے۔ آئی سی سی رینکنگ میں بھی وہ چوتھی پوزیشن پر آ گئے ہیں اور نمبر ون کی پوزیشن سے صرف 32 پوائنٹس پیچھے ہیں۔
بھارتی وزارت خارجہ نے پاکستان کے دعووں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ سری لنکا میں سیلاب زدگان کی امداد لے جانے والے طیاروں کے لیے فضائی اجازت فوری اور شفاف طور پر دی گئی۔ ترجمان رندھیر جیسوال نے کہا کہ پاکستان کی بیان بازی عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش ہے۔ بھارت نے درخواست موصول ہوتے ہی اسی دن اجازت دی جبکہ پاکستان نے الزام لگایا کہ اجازت عملی طور پر ناقابل استعمال تھی۔
1989 کے روبیہ سعید اغوا کیس میں خصوصی عدالت نے گرفتار کیے گئے شفاعت احمد شنگلو کو رہا کردیا۔ عدالت نے ان کی سی بی آئی تحویل کی درخواست مسترد کرتے ہوئے کہا کہ چارج شیٹ میں ان کا ذکر نہیں ہے۔ شنگلو پر جے کے ایل ایف کے ارکان کے ساتھ اغوا کی سازش میں شامل ہونے کا الزام تھا اور ان پر 10 لاکھ روپے انعام بھی مقرر تھا۔
ایپل اور سیم سنگ نے سنچار ساتھی ایپ کی لازمی تنصیب سے متعلق سرکاری حکم نامے پر حکومت سے بات چیت کا فیصلہ کیا ہے۔ 28 نومبر کے حکم کے مطابق تمام نئے اور موجودہ فونز میں یہ ’اینٹی فراڈ ایپ‘ پری انسٹال یا اپڈیٹ کے ذریعے فراہم کرنا لازم ہے۔ رپورٹ کے مطابق ایپل موجودہ صورت میں ہدایت پر مکمل عمل نہیں کر پائے گا اور درمیانی حل چاہتا ہے۔ سیم سنگ بھی حکم کا جائزہ لے رہا ہے۔
عمران خان کی بہن عظمیٰ خان کو منگل کی شام اڈیالہ جیل میں قید سابق پاکستانی وزیر اعظم سے ملاقات کی اجازت دی گئی۔ رپورٹ کے مطابق ملاقات کے بعد انہوں نے صحافیوں کو بتایا ’’عمران خان ٹھیک ہیں، ان کی صحت اچھی ہے۔ انہیں قید تنہائی میں رکھا گیا ہے، انہیں ذہنی اذیت دی جا رہی ہے۔‘‘ اس ملاقات کے بعد سے پچھلے کئی دنوں سے جاری ان کی موت کی افواہیں ختم ہو گئی ہیں۔
پارلیمنٹ کا تین ہفتے طویل سرمائی اجلاس آج (1 دسمبر) کو شروع ہوگیا۔ اس میں ووٹر لسٹوں کی اسپیشل انٹینسو نظر ثانی (SIR) اور ’وندے ماترم‘ پر بحث ہونے کی توقع ہے۔ اس کے علاوہ حکومت 10 کلیدی بلوں کو لانے کا بھی ارادہ رکھتی ہے جس میں جوہری توانائی، اعلیٰ تعلیم، کارپوریٹ قانون اور سیکیورٹیز مارکیٹ سے متعلق تبدیلیاں شامل ہیں۔ حکومت نے کہا ہے کہ وہ کسی بھی موضوع پر بحث کے لیے تیار ہے۔
لوک سبھا میں ’وندے ماترم‘ کے 150 برس مکمل ہونے پر حکومت نے دس گھنٹے کی بحث کے لیے وقت مختص کیا ہے۔ یہ بحث جمعرات یا جمعہ کو متوقع ہے جس میں وزیراعظم نریندر مودی کے خطاب کا بھی امکان ہے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ ’وندے ماترم‘ کو اس کا مناسب مقام نہیں ملا۔ دوسری جانب اپوزیشن، بالخصوص کانگریس، دہلی کی شدید فضائی آلودگی پر بحث کا مطالبہ کر رہی ہے۔
تمل ناڈو کے ضلع شیوگنگا میں کمنگوڈی کے قریب دو سرکاری بسوں کی خوفناک ٹکر سے کم از کم 11 افراد ہلاک اور 60 زخمی ہو گئے۔ حادثہ پلئیارپاٹی سے پانچ کلومیٹر دور پیش آیا۔ متاثرہ بسیں تروپور سے کارائیکوڈی اور کارائیکوڈی سے ڈِنڈیگل کی جانب رواں تھیں۔ زور دار تصادم سے بسوں کا اگلا حصہ چرمرا گیا۔ ریسکیو ٹیموں اور عام شہریوں نے فوری طور پر زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا۔
دہلی کے 12 وارڈز میں ایم سی ڈی کے ضمنی انتخابات 2025 پرامن طریقے سے مکمل ہو گئے جس میں ووٹر ٹرن آؤٹ 38.51 فیصد رہا۔ صوبہ کے انتخابی کمیشن نے الیکٹرانک ووٹنگ مشینیں، ویب کیم نگرانی اور ووٹر سہولت کے جدید اقدامات کیے۔ کوئی بدامنی یا تکنیکی خرابی رپورٹ نہیں ہوئی۔ شالیمار باغ، منڈکا، اشوک وِہار، چاندنی چوک، دوارکا بی، سنگم وہار اور دیگر وارڈز میں ووٹنگ آسان اور شفاف ماحول میں ہوئی۔
ہریانہ کا ایک ایتھلیٹ اور پاور لفٹر روہت دھنکر (28) کی روہتک میں شادی کے دوران حملے کے دو دن بعد موت ہو گئی۔ رپورٹ کے مطابق انہوں نے ایک شادی کی تقریب میں کچھ مہمانوں کے بدتمیز رویے کی مخالفت کی تھی۔ اس کی وجہ سے ان کو لوہے کی سلاخوں اور ہاکی اسٹکس سے تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ دھنکر دو بار جونیئر پیرا نیشنل ریکارڈ ہولڈر اور سات بار سینئر پیرا نیشنل چیمپیئن رہ چکے تھے۔
اسرائیلی وزیراعظم بینا مین نتن یاہو نے اپنے طویل عرصے سے جاری کرپشن مقدمے میں صدر اسحاق ہرزوگ سے صدارتی معافی کی درخواست کی ہے۔ وکلا کے مطابق بار بار کی عدالتی پیشیاں حکومتی امور چلانے میں رکاوٹ بن رہی ہیں۔ صدر نے درخواست وزارتِ انصاف کو رائے کے لیے بھیج دی ہے۔ نتن یاہو نے الزام مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ان سے ہفتے میں تین بار گواہی کا مطالبہ کیا جا رہا ہے جو ناقابلِ عمل ہے۔
رانچی میں جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے ون ڈے میں ویراٹ کوہلی نے اپنی 52ویں سنچری بناکر سچن تندولکر کا ون ڈے فارمیٹ میں سب سے زیادہ سنچریوں کا ریکارڈ توڑ دیا۔ یہ ان کی جنوبی افریقہ کے خلاف چھٹی ون ڈے سنچری بھی ہے۔ اس اننگز کے ساتھ کوہلی کے بین الاقوامی سنچریوں کی تعداد 83 ہوگئی۔ کوہلی اب 28 ہزار انٹرنیشنل رنز کے ہدف کی جانب بھی بڑھ رہے ہیں۔
لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے ملک بھر میں بڑھتی فضائی آلودگی پر پارلیمنٹ میں فوری اور تفصیلی بحث کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ مرکزی حکومت نہ کوئی ہنگامی قدم اٹھا رہی ہے اور نہ واضح منصوبہ پیش کر رہی ہے۔ اروند کیجریوال نے بھی شمالی بھارت میں بدترین فضائی آلودگی پر مرکز کو نشانہ بناتے ہوئے ایئر پیوریفائر پر 18 فیصد جی ایس ٹی کو ناانصافی قرار دیا۔
طوفان ’دتوا‘ کی وجہ سے آنے والی طوفانی بارشوں اور سیلاب سے سری لنکا میں اب تک 123 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جب کہ دیگر 130 لاپتہ ہیں۔ امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور 43,995 لوگوں کو سرکاری فلاحی مراکز میں منتقل کیا گیا ہے جب ان کے مکانات ہفتہ بھر کی شدید بارشوں میں تباہ ہو گئے تھے۔ حکومت نے ملک بھر میں بچاؤ اور امدادی کارروائیوں کو تقویت دینے کے لیے مسلح افواج کو تعینات کیا ہے۔
دہلی ریڈ فورٹ میٹرو اسٹیشن کے قریب 10 نومبر کے دھماکے کے چار مجرمین کی این آئی اے تحویل میں 10 دن کی توسیع کردی گئی ہے۔ حراست کی مدت ختم ہونے کے بعد انہیں آج پٹیالہ ہاؤس کی خصوصی این آئی اے عدالت میں پیش کیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق تین دیگر ملزمان کو بھی کچھ قانونی تقاضوں کے سلسلے میں عدالت میں پیش کیا گیا جہاں بند کمرے میں جج نے حکم سنایا۔
سری لنکا کے قریب خلیج بنگال میں بننے والا سائیکلون ’دتوا‘ تیزی سے بھارتی ساحل کی جانب بڑھ رہا ہے۔ محکمہ موسمیات نے تمل ناڈو، آندھرا پردیش اور پڈوچیری میں ریڈ الرٹ جاری کر دیاہے۔ آئی ایم ڈی کے مطابق طوفان آج رات تمل ناڈو کے ساحل سے تقریباً 60 کلومیٹر دور ہوگا جبکہ تیز ہوائیں 90 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہیں۔ ماہرین نے شہریوں اور ماہی گیروں کو احتیاط کی ہدایت کی ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ’تھرڈ ورلڈ‘ ممالک سے امیگریشن پر مستقل پابندی لگانے کا اعلان کر دیا۔ یہ فیصلہ واشنگٹن میں نیشنل گارڈ اہلکاروں پر فائرنگ کے بعد سامنے آیا ہے جس میں ایک افغان نژاد شخص کو مشتبہ قرار دیا گیا۔ ٹرمپ نے کہا کہ ایسے تمام ممالک کے شہریوں کا داخلہ روکا جائے گا۔ افغان شہریوں کی امیگریشن درخواستوں کو معطل کر دیا گیا ہے۔ اس پابندی میں مزید سختی کی جا سکتی ہے۔
پلوامہ کے اونتی پورا میں سیکیورٹی فورسز نے جیشِ محمد سے منسلک ایک خفیہ ٹھکانہ تباہ کر کے ایک دہشت گرد معاون کو گرفتار کر لیا۔ رپورٹ کے مطابق گرفتار نذیر احمد گنائی عرصے سے جیش کے جنگجوؤں کو اسلحہ کی نقل و حمل اور دیگر مدد فراہم کرتا تھا۔ اطلاعات پر نانر میڈورہ علاقے میں آپریشن کے دوران اس کا ٹھکانہ باغات سے برآمد ہوا۔ دو گرینیڈ، ڈیٹونیٹر اور بارودی مواد ضبط کر لیا گیا۔
بریلی میں 1987 کے قتل کیس کا مجرم پریدیپ سکسینہ 36 برس بعد گرفتار کر لیا گیا۔ اسے اپنے بھائی کے قتل کے جرم میں عمر قید کی سزا ہوئی تھی اور وہ 1989 میں پیرول سے فرار ہو گیا تھا۔ رپورٹ کے مطابق اس نے شناخت چھپانے کے لیے اسلام قبول کر لیا اور اپنا نام عبدالرحیم رکھ کر مرادآباد میں ڈرائیور کی حیثیت سے زندگی گزارتا رہا۔ 36 سال بعد اسے گرفتار کر لیا گیا۔
اسرائیلی حکام نے 9 ماہ بعد امریکی فلسطینی نوعمر محمد ابراہیم کو رہا کر دیا۔ فلوریڈا سے تعلق رکھنے والے 15 سالہ محمد کو فروری میں رام اللہ کے قریب اس کے گھر پر چھاپے کے دوران گرفتار کیا گیا تھا۔ اہلِ خانہ کے مطابق اس پر پتھراؤ کا بے بنیاد الزام لگا، حراست میں اسے مارا گیا اور بھوکا رکھا گیا۔ امریکی قانون سازوں اور تنظیموں کی دیرینہ مہم کے بعد اس کی رہائی ممکن ہوئی۔
متحدہ عرب امارات نے پاکستانی شہریوں کو ویزا دینا عارضی طور پر روک دیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق کئی پاکستانی وزٹ ویزا لے کر یو اے ای پہنچنے کے بعد بھیک مانگنے یا جرائم میں ملوث پائے گئے۔ پاکستانی وزارتِ داخلہ نے بتایا کہ اب صرف بلیو پاسپورٹ اور سفارتی پاسپورٹ پر ویزے جاری ہو رہے ہیں۔ سینیٹ کمیٹی نے انکشاف کیا کہ گزشتہ ایک سال میں درجنوں شہریوں کو سخت جانچ کے بعد ہی ویزا ملا۔
پٹیالہ ہاؤس کورٹ کی خصوصی این آئی اے عدالت نے جمعرات کو بارہمولہ کے رکن پارلیمنٹ عبدالرشید شیخ عرف انجینئر رشید کو حراست میں لے کر پارلیمنٹ کے اجلاس میں شرکت کی اجازت دی۔ آئندہ سیشن یکم دسمبر سے شروع ہو رہا ہے۔ وہ این آئی اے کی طرف سے درج دہشت گردی کے ایک مقدمے میں حراست میں ہے۔ عبدالرشید شیخ جموں و کشمیر کے بارہمولہ سے رکن پارلیمنٹ ہیں۔
جَل جیون مشن کے ملک گیر آڈٹ میں انکشاف ہوا کہ 26 فیصد گاؤں میں پانی کی فراہمی مکمل طور پر بند ہے جبکہ صرف 68 فیصد میں باقاعدہ سپلائی مل رہی ہے۔ آڈٹ کے بعد مرکز نے سخت کارروائی کرتے ہوئے سات صوبوں پر 129 کروڑ روپے سے زائد جرمانہ عائد کیا اور فنڈز روک دیے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے جل شکتی وزارت کو بے قاعدگیوں میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کرنے کی ہدایت دی ہے۔
IFFI میں پریمیئر کے بعد رادھیکا آپٹے کی سسپنس اور مِسٹری سے بھرپور فلم ’سالی محبت‘ اب او ٹی ٹی پلیٹ فارم زی-5 پر 12 دسمبر کو ریلیز ہوگی۔ ٹسکا چوپڑا کے ڈائریکشن میں بنی یہ فلم ایک ہاؤس وائف کی کہانی ہے جو شوہر کی بےوفائی کے بعد جھوٹ، دھوکے اور قتل کے جال میں پھنس جاتی ہے۔ رادھیکا کے ساتھ دیویندو شرما، انوراگ کشیپ اور شرت سکسینہ نے اہم کردار ادا کیے ہیں۔
بالی وڈ کے لیجنڈری اداکار دھرمیندر کے انتقال کے بعد ممبئی کے تاج لینڈز اینڈ، باندرہ میں ’سیلیبریشن آف لائف‘ کے عنوان سے دعائیہ تقریب منعقد ہوئی۔ سنی دیول، بوبی دیول اور کرن دیول سمیت پورے دیول خاندان نے شرکا کا ہاتھ جوڑ کر شکریہ ادا کیا۔ مرحوم اداکار کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے خصوصی موسیقی پروگرام بھی رکھا گیا۔ شاہ رخ خان سمیت متعدد ستاروں نے آخری رسومات میں شرکت کی۔
کانگریس کے سابق ایم پی کمار کیتکر نے دعویٰ کیا ہے کہ 2014 کے لوک سبھا انتخابات میں پارٹی کی شکست ’سی آئی اے‘ اور ’موساد‘ کی مبینہ سازش کا نتیجہ تھی۔ کانگریس کے ایک پروگرام میں انہوں نے کہا کہ کانگریس کی نشستیں 206 سے گھٹ کر 44 ہونا عوامی ناراضی کا معمولی نتیجہ نہیں تھی۔ کیتکر کے مطابق دونوں انٹیلی جنس اداروں نے بھارت میں ’پسِ پردہ کھیل‘ کی منصوبہ بندی کی تھی۔
اڈیالہ جیل حکام نے واضح کیا ہے کہ پاکستان کے سابق وزیراعظم عمران خان کی صحت بالکل ٹھیک ہے اور سوشل میڈیا پر گردش کرتی افواہوں میں کوئی صداقت نہیں۔ رپورٹ کے مطابق حکام نے کہا کہ پی ٹی آئی قیادت کو عمران خان کی طبی صورتحال سے آگاہ کر دیا گیا ہے اور تمام ضروری طبی سہولیات انہیں فراہم کی جارہی ہیں۔ 73 سالہ عمران خان اگست 2023 سے مختلف مقدمات میں قید ہیں۔